پاک چین دوستی کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں، مریم نواز

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ، مضبوط اور باہمی احترام پر قائم ہے، اب اس دوستی کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے بیجنگ میں پارٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک چین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈیجیٹل تبدیلی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور ہنرمند ہیں، جبکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور ضروری مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل انقلاب دنیا کی معیشتوں کی سمت تبدیل کر رہا ہے اور ڈیجیٹل معیشت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا مستقبل کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں مصنوعی ذہانت کو تعلیم، صحت، زراعت اور حکومتی امور سمیت مختلف شعبوں میں بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ چین کی تیز رفتار ڈیجیٹل ترقی پاکستان کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے۔

مریم نواز نے گویژو میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب زرعی شعبے کیلئے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور صوبے میں زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ پنجاب تمام صوبوں کیلئے فوڈ باسکٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

مزید خبریں

Back to top button