آپریشن "غضب للحق” کی بڑی کامیابی،پاک افغان سرحد پر انٹیلی جنس کارروائیوں میں 29 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے آپریشن "غضب للحق” کے تحت افغان سرحدی علاقوں میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 29 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد دیگر کو زخمی کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں ہونے والے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے، جن میں ہائی ویلیو کمانڈر خان فروش عرف زبل بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشت گردوں میں بھارتی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار کے مزید 3 کارندے بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف پکتیا، پکتیکا اور کنڑ کے علاقوں میں بھی کامیاب کارروائیاں کی گئیں، جہاں 3 دہشت گرد مراکز تباہ کر دیے گئے۔ ان کارروائیوں میں 25 خارجی ہلاک ہوئے، متعدد زخمی ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کے بڑے ذخائر بھی تباہ کر دیے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق کارروائیوں میں انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر خان فروش عرف زبال مارا گیا، جبکہ بھارتی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار کے ایک کمانڈر سمیت مزید تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ 28 اور 29 جون کی درمیانی شب پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں واقع تین دہشت گرد مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 25 دہشت گرد مارے گئے۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کے مراکز میں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی تباہ کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ "عزمِ استحکام” مہم کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی، تاکہ غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔



