تھرپارکر:وحشی صفت لوگوں نے اونٹنی کی آنکھیں نکال دیں

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈاہلی کے کھینسر پولیس تھانے کی حدود میں واقع گاؤں بنگل رند میں نامعلوم وحشی صفت افراد نے ایک اونٹنی کی دونوں آنکھیں نکال دیں، جس کے خلاف میگھواڑ برادری کے مردوں، خواتین اور بچوں نے چھاچھرو پہنچ کر ٹیکم میگھواڑ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پڑوسی گاؤں خان محمد رند کے رہائشی ماسٹر مختیار رند، روشن رند اور دیگر افراد نے ان کی اونٹنی کی آنکھیں نکال دی ہیں، جس کے باعث وہ نابینا ہو چکی ہے اور شدید تکلیف میں مبتلا ہے۔ احتجاج کرنے والوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے منصفانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر بااثر افراد سے ہمارے جانور بھی محفوظ نہیں تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عام لوگوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔



