او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پہلی بار مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم ‘او آئی سی’ کی نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کر رہا ہے، جو ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس صدارت کے لیے مکمل تیار ہے اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائے گا۔

وزیر قانون نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس اہم ترین کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے وفود اور مبصرین شریک ہیں۔ کانفرنس کے تکنیکی اجلاس شروع ہو چکے ہیں جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس کل منعقد ہوگا، جس کے افتتاحی سیشن سے وزیراعظم پاکستان خطاب کریں گے۔ اس ایونٹ کے انعقاد میں وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ سمیت خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس تین روزہ بیٹھک میں مسلم دنیا میں خواتین کے کردار، ان کی ترقی اور انہیں درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کانفرنس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button