اوگرا میں مبینہ میگا کرپشن اسکینڈل، تحقیقات کا دائرہ وسیع، اہم افسر طلب


کراچی (جانوڈاٹ پی کے)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں مبینہ میگا کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، جہاں پٹرولیم اسٹاکس میں مبینہ ہیر پھیر اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کے ممبر آئل زین العابدین قریشی کو 25 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ معاملے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ذخائر چھپانے اور پی ڈی سی کلیمز میں مبینہ فراڈ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کراچی میں ایف آئی اے نے اوگرا حکام سے حساس ریکارڈ طلب کر لیا ہے، جس میں پی ڈی سی میکانزم، انسپیکشن رپورٹس، شوکاز نوٹسز اور اہم انتظامی فیصلوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس نے پٹرولیم سیکٹر اور سرکاری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع ہونے اور دیگر اہم شخصیات کو بھی طلب کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔