نوشہرہ:دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے چار افراد ڈوب گئے

نوشہرہ(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے دوران نہاتے ہوئے چار افراد ڈوب گئے، جبکہ ایک خاتون کو بروقت کارروائی کے ذریعے محفوظ بچا لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ڈوبنے والوں میں ایک طالب علم بھی شامل ہے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران 31 سالہ انور اسلام، جو پشاور کے رہائشی تھے، کی لاش دریا سے نکال لی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیگر تین لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری رہا، تاہم اندھیرا ہونے کے باعث کارروائی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جسے صبح روشنی ہوتے ہی دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے موسم اور دریاؤں میں پانی کے تیز بہاؤ کے پیشِ نظر غیر ضروری طور پر نہانے یا دریا میں اترنے سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button