این آئی سی وی ڈی کراچی نے دل میں پیوست گولی نکال کر 12 سالہ بچے کی جان بچالی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (NICVD) میں ماہر ڈاکٹروں نے دل میں پیوست گولی نکال کر 12 سالہ بچے کی جان بچالی۔
ترجمان کے مطابق خضدار سے تعلق رکھنے والے بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گولی دل میں پیوست ہونے کے باعث بچے کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں ماہر ٹیم نے پیچیدہ سرجری انجام دی۔
تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران گولی کو کامیابی سے دل سے نکال لیا گیا۔ سرجری کے بعد بچے کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔
طبی ٹیم میں ڈاکٹر سعد بدر، ڈاکٹر عبد الستار شیخ اور پروفیسر امین خواجہ سمیت دیگر ماہرین شامل تھے۔



