فلسطینیوں پر مظالم: نیوزی لینڈ نے 3 انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں پر سفری پابندیاں لگا دیں

آکلینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں سرگرمیوں کے الزام میں تین اسرائیلی آبادکاروں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں، جنہیں کیوی حکومت نے انتہا پسند عناصر قرار دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے اعلان کیا کہ ایتمار یہودا لیوی، ہاریل ڈیوڈ لیبی اور ایلیاو لیبی اب نیوزی لینڈ کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ ان کے مطابق مذکورہ افراد نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے پھیلاؤ میں فعال کردار ادا کیا، جس میں مبینہ طور پر تشدد کے واقعات بھی شامل تھے۔
ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ ان افراد کی سرگرمیاں نہ صرف فلسطینیوں بلکہ اسرائیلیوں کے امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہیں اور خطے کو مزید عدم استحکام اور بحران کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیوزی لینڈ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ بستیوں کی توسیع اور آبادکاروں کا تشدد مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
کیوی حکومت کے اس اقدام کو خطے میں جاری تنازع کے حوالے سے ایک اہم سفارتی پیغام قرار دیا جا رہا ہے، جس میں امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے۔



