نیتن یاہو کا ضاحیہ پر حملوں کا حکم، لبنان میں جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے لبنان کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ پر حملوں کا حکم دے دیا، جس کے بعد سرحدی علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ تازہ حملوں میں مزید 12 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنوبی لبنانی شہر صور میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ایک ہسپتال سمیت تین عمارتیں تباہ ہو گئیں، جس سے شہری علاقوں میں نقصان اور انسانی بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے تاریخی الشقیف قلعے کے قریب اسرائیلی فوجی پوزیشنوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔
حزب اللہ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ طبریہ کے قریب اسرائیلی فوج کے زیر زمین اڈے پر راکٹ حملے کیے گئے، تاہم اس حوالے سے اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جنگ بندی اور سفارتی حل کی کوششوں پر بھی غیر یقینی صورتحال کے سائے منڈلا رہے ہیں۔



