سانحہ پمز: ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے، نواز شریف

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) سابق وزیراعظم نواز شریف نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
سابق وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری بھی جاری ہے۔



