کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی ملاقات، سیاسی مذاکرات کی حمایت پر اتفاق

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد نے، جس میں محمود مولوی، عمران اسماعیل اور فواد چوہدری شامل تھے، کوٹ لکھپت جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسیر رہنماؤں سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی صورتحال، قومی استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسیر رہنماؤں نے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مجوزہ حل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں آگے بڑھنے کا واحد راستہ سیاسی مذاکرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔

ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بین الاقوامی سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر اہم معاملات کو مؤثر سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح بیرونی محاذ پر کامیاب سفارت کاری کی گئی، اسی طرح ملک کے اندر بھی سیاسی استحکام کے لیے قومی مکالمے کا آغاز ہونا چاہیے۔

اسیر رہنماؤں نے تحریک انصاف کی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ معاملات کے حل اور سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے جاری مذاکراتی کوششوں کا ساتھ دے تاکہ ملک میں مفاہمت کی فضا قائم ہو اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی اور ملاقاتوں پر عائد پابندیوں کا خاتمہ سیاسی ماحول کو بہتر بنانے اور کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button