ڈپٹی کمشنرتھرپارکر کا امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام اداروں کو متحرک رہنے کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن اپيکس کمیٹی کا اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ضلع کی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، منشیات، اسمگلنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو غیر رجسٹرڈ مدارس کا تازہ ڈیٹا مرتب کرنے، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے، نادرا کے بلاک شناختی کارڈز کے معاملات میں شفافیت یقینی بنانے اور متاثرہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے منشیات فروشوں، اسمگلروں، بجلی چوروں، غیر قانونی پیٹرول پمپس اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ضلع میں پائیدار امن اور قانون کی بالادستی برقرار رہے۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے آفسران نے شرکت کی ۔



