نیشنل پولیس اکیڈمی کی اپ گریڈیشن میں تیزی، جدید سہولیات اور سولر انرجی منصوبے پر پیش رفت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے، جہاں ایلیٹ ٹریننگ اسکول میں مختلف تربیتی سہولیات کی تعمیر اور بہتری کا عمل نمایاں رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریپلنگ ٹاور پر 80 فیصد جبکہ جاگنگ ٹریک اور آبسٹیکلز کی تیاری پر 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کا مقصد پولیس ٹریننگ کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ایلیٹ اسکول کی فائرنگ رینج اور باونڈری وال کا منصوبہ آئندہ دو ماہ میں مکمل کیا جائے۔ ساتھ ہی نیشنل پولیس اکیڈمی کو مرحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

مزید برآں ایم سی ایم سی کورس پر نظرثانی کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ تمام کلاس رومز کو جدید آئی ٹی سہولیات سے لیس کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے پولیس کی تربیت کے معیار میں بہتری اور ادارے کی مجموعی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button