لبنانی حکومت اسرائیل کو وہ سب کچھ دے رہی ہے جو وہ چاہتا ہے، نعیم قاسم

بیروت(ویب ڈیسک) حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے لبنانی حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی حکومت اسرائیل کو وہ سب کچھ دے رہی ہے جو وہ چاہتا ہے۔ حالیہ بیانات میں بھی نعیم قاسم نے لبنان اسرائیل فریم ورک معاہدے کو ملکی خودمختاری کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں نعیم قاسم نے کہا کہ لبنانی حکام نے دشمن کو سب کچھ دے دیا اور ایسا راستہ اختیار کیا جو ان کے ساتھ ساتھ لبنان کیلئے بھی باعثِ عزت نہیں۔ ان کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ اسرائیل کیلئے تحفہ ہے۔
حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ یہ معاہدہ لبنان کی خودمختاری کو نقصان پہنچا رہا ہے جبکہ لبنانی حکومت مزاحمت کے ہتھیاروں کو نظرانداز کر رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حزب اللہ نے گریٹر اسرائیل کے نام نہاد منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے اور مزاحمت کی طاقت کے باعث اسرائیل آج جنوبی لبنان میں یہودی بستیاں قائم کرنے کی جرات نہیں کرسکتا۔
نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ مزاحمت کی طاقت نے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔ ان کا مؤقف لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والے فریم ورک معاہدے کی مخالفت کے تسلسل میں سامنے آیا ہے۔



