پارٹی کو مضبوط بنانے کا واحد راستہ انتخابات ہیں، اکتوبر میں ہونے والے پارٹی انتخابات اختلافات کے خاتمے میں اہم ہوں گے، مصطفیٰ کمال

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے اعتراف کیا ہے کہ پارٹی کے اندر اختلافات موجود ہیں اور یہ اختلافات نچلی سطح تک بھی پہنچ چکے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو مضبوط بنانے کا واحد راستہ پارٹی انتخابات ہیں، جو اکتوبر میں ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم ممکن ہے اس حوالے سے کوئی کمی رہ گئی ہو۔ ان کے مطابق پارٹی انتخابات کے بغیر ان اختلافات کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پارٹی انتخابات میں کارکنان جسے کامیاب اور جسے ناکام قرار دیں، سب کو اس فیصلے کو قبول کرنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان میں کوئی اختلاف نہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی خراب حکمرانی کے حوالے سے بھی پارٹی میں کوئی کنفیوژن موجود نہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ایم کیو ایم کے اندرونی معاملات کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مجوزہ آئینی ترمیم مان لی جاتی تو آج گلی کوچوں میں اختیارات اور وسائل موجود ہوتے۔
مصطفیٰ کمال نے 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے میں کسی ایک جماعت کی فتح یا ناکامی نہیں ہوگی بلکہ یہ ملک کی فتح یا ناکامی کا معاملہ ہوگا۔


