بدین:قتل کے مجرم کو عمر قید، مجموعی طور پر15لاکھ روپے جرمانےکی سزا

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج بدین نے قتل کے مقدمہ میں ملزم کو عمر قید اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی تفصیلات کے مطابق تھانہ کڈھن تھانہ کی حدود میں گاؤں دودو ملاح میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ملزم خمیسو ملاح نے فائرنگ کرکے 40 سالہ نوراحمد ملاح کو قتل کر دیا تھا مقتول کے بھائی حاجی محمد ملاح کی مدعیت میں کڈھن تھانے پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج بدین کی عدالت میں زیر سماعت تھا مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے پر فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج بدین محمد ندیم راؤ نے ملزم خمیسو ملاح کو قتل کے مقدمہ میں عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے علاوہ ازیں، ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی جرم میں استعمال شدہ بغیر لائسنس بندوق کے مقدمہ میں بھی عدالت نے 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ملزم عدالتی ریمانڈ پر جوڈیشل کسٹڈی میں تھا جسے عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سزا بھگتنے کے لیے جیل روانہ کر دیا گیا



