گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو قتل کرنے والا ملزم سعدگرفتار،آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے قاتل کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہا کہ ملزم سعد عباسی کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے،ملزم سعد عباسی اپنی کولیگ نمرہ کو غلط ارادے سے پارک اورپھر کہیں اور لے جاناچاہتا تھا،کیپٹن عاصم نے سڑک سے گزرتے ہوئے ملزم کو لڑکی کیساتھ زبردستی کرتے ہوئے دیکھا تو رک گئے اورلڑکے کو اپنا تعارف کرایا۔ملزم سعد عباسی نے طیش میں آکر فائرنگ کردی اور کیپٹن موقع پر ہی شہید ہوگئے ملزم پروفیشنل جرائم پیشہ افراد کی طرح وہاں سے فرارہوگیا۔ملزم نے اپنی شرٹ بدلی،سکائی ویز کی ٹکٹ لی اور کھنہ چلاگیا،ہم نے ملزم کی گرفتاری کیلئے گیارہ ٹیمیں تشکیل دی تھیں،ایک ٹیم لاہور،ایک میانوالی اور ایک ایبٹ آباد روانہ کردی تھی۔ہمارے آفیسز نے کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کونو گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے ایریا سے گرفتار کیا گیا ہے۔اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر ایئرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم طارق خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے۔ذرائع کے مطابق ملزم کو نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نے گزرتے ہوئے دیکھا موٹر سائیکل سوار ایک خاتون کا ہاتھ کھینچ رہا تھا، گروپ کیپٹن عاصم واپس آئے تو لڑکی ان کی طرف آگئی۔ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم سے بدکلامی کی اور پھر فائر کردیا، جس سے گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ملزم موقع واردات سے فرار ہوگیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کی۔



