سندھ میں 2 لاکھ 75 ہزار غریب خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی منصوبے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 18.2 ارب روپے مالیت کے سولر ہوم سسٹم منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سولر کٹس کی تقسیم اور تنصیب کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 75 ہزار غریب خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں ایک لاکھ 32 ہزار آف گرڈ اور ایک لاکھ 43 ہزار آن گرڈ صارفین شامل ہوں گے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سستی، صاف اور پائیدار توانائی غریب خاندانوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر 18 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ کا سولر پینل، لیتھیم بیٹری، پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جائیں گی، جبکہ اب تک 11 ہزار 571 سولر ہوم سسٹمز نصب کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق اس وقت گھوٹکی، عمرکوٹ، شہید بینظیر آباد، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور کراچی میں سولر سسٹمز کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ منصوبے کا آغاز اپریل 2025 میں کیا گیا تھا اور اسے جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے۔
حکام نے بتایا کہ ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے محفوظ صارفین آن گرڈ منصوبے میں شامل ہوں گے، جبکہ دوردراز، کچے، کوہستانی اور صحرائی علاقوں کے غریب خاندان آف گرڈ منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) میں رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ نیشنل انرجی اینڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سولر کٹس کی فراہمی کی ذمہ دار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سولر کٹس کی تقسیم شفاف، منصفانہ اور مؤثر انداز میں یقینی بنائی جائے، خصوصاً دوردراز علاقوں کے مستحق خاندانوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی کی محرومی میں کمی اور غریب خاندانوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے مزید ہدایت کی کہ سولر سسٹمز کی تنصیب کے معیار، تکنیکی معاونت اور بعد از تنصیب دیکھ بھال کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ منصوبے کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



