سندھ محبت اور اخوت کا پیغام دیتا ہے، سوشل میڈیا پر نفرت کا مقابلہ قومی بیانیے سے کرنا ہوگا،مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے حافظ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں قومی یکجہتی، امن و امان اور سوشل میڈیا کے کردار سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ محبت، بھائی چارے اور اخوت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات کا مقابلہ مثبت قومی بیانیے، ذمہ دارانہ رویے اور باہمی اتحاد سے کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے جوان محض تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ان کے بقول فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی اداروں کو سیاسی تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ شہدا کے ورثا کی دل آزاری پر معذرت کا اظہار بھی کیا۔

وفد اور وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتحاد، باہمی احترام اور ذمہ دارانہ طرزِ اظہار ہی ملک میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کے فروغ کی ضمانت ہیں

مزید خبریں

Back to top button