مختیارکار ماتلی مصعب جونیجو نے ریلوے لائن کی حدود میں غیر قانونی تجاوزات کو رکوادیا

ماتلی(رپورٹ ایم ۔ارگدی/جانو ڈاٹ پی کے)حیدرآباد۔بدین ریلوے لائن کی بحالی کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت مختیارکار ماتلی مصعب جونیجو نے میونسپل انتظامیہ اور متعلقہ عملے کے ہمراہ ماتلی میں ریلوے لائن کی حدود میں قائم غیر قانونی تجاوزات اور زیرِ تعمیر ڈھانچوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی کام فوری طور پر رکوا دیا، کارروائی کے دوران ریلوے اراضی کی حد بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور موقع پر موجود افراد کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر غیر قانونی تعمیرات ختم کریں، اس موقع پر مختیارکار ماتلی مصعب جونیجو نے کہا کہ ریلوے کی سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات، قبضہ یا تجاوزات قانوناً جرم ہے جس کے خلاف بلاامتیاز اور مسلسل کارروائی جاری رکھی جائے گی اور ریلوے لائن کی بحالی ایک اہم عوامی مفاد کا منصوبہ ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد۔بدین ریلوے لائن کی بحالی سے نہ صرف ماتلی اور قریبی علاقوں کے عوام کو بہتر، محفوظ اور سستی سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور معاشی بہتری میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا کیونکہ ریلوے ٹریک کی بحالی سے زرعی اجناس اور دیگر سامان کی ترسیل میں آسانی پیدا ہوگی جس سے مقامی معیشت کو استحکام ملے گا، حکام کے مطابق ریلوے اراضی کی مکمل واگزاری اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مرحلہ وار آپریشن جاری رکھا جائے گا اور آئندہ بھی خلاف قانون انکروچمنٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ اس اہم منصوبے کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button