وزیر خزانہ کی ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے سائبر سیکیورٹی مضبوط بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے سائبرسیکیورٹی اور انفارمیشن سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے تاکہ تمام اہداف بروقت مکمل ہوں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نیشنل فیس لیس سینٹر منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے نفاذ، ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ اور مرحلہ وار رول آؤٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نیشنل فیس لیس سینٹر کو ٹیکس نظام کو ڈیجیٹل، شفاف اور مرکزی بنانے کا اہم منصوبہ قرار دیا گیا جبکہ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام پر ہونے والی پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ آپریشنل اور ٹیکنالوجی ٹیموں کے مؤثر تعاون سے منصوبے کی بروقت اور کامیاب تکمیل یقینی بنائی جائے، اجلاس میں قواعد پر مبنی کیس سلیکشن، رسک انجن کی تیاری، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر اور سسٹم انٹیگریشن پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک گیر نفاذ سے قبل مؤثر پائلٹ مرحلہ ناگزیر ہے تاکہ ممکنہ خامیوں کی نشان دہی کر کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے سائبر سیکیورٹی اور انفارمیشن سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے تاکہ تمام اہداف بروقت مکمل ہوں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جدید، شفاف اور مکمل ڈیجیٹل ٹیکس انتظامیہ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔



