لاہور میں جعلی پولیس اہلکار گرفتار، وردی پہن کر ڈاکٹر کو گن پوائنٹ پر دھمکانے کا الزام

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) مغلپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی جعلی وردی پہن کر شہریوں کو مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر دھمکانے اور لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل ملزم عبدالتوحید پولیس کی وردی پہن کر ایک نجی کلینک پہنچا اور اپنا چیک اپ کروایا۔ ڈاکٹر کی جانب سے فیس طلب کیے جانے پر ملزم نے مبینہ طور پر پولیس وردی کا رعب جھاڑا اور اسلحے کے زور پر ڈاکٹر کو دھمکیاں دیں، بعدازاں اسے ہراساں کرکے موقع سے فرار ہوگیا۔
ایس پی منزہ کرامت کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم واضح طور پر نظر آرہا تھا۔ مغلپورہ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ گرفتار ملزم پہلے سے سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے اور مبینہ طور پر جعلی پولیس وردی پہن کر عام شہریوں سے لوٹ مار کرتا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
ایس پی منزہ کرامت نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



