خواہش ہےکرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں،معاذ صداقت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کے نوجوان کرکٹر معاذ صداقت کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے، خواہش ہے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں اورلمبے عرصے تک کھیلوں۔
جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں معاذ صداقت نے جاری ایڈیشن میں اپنی ٹیم کی شاندار کم بیک پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا ماحول نہایت مثبت ہے اور کھلاڑی پرعزم ہیں کہ اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کا ماحول بہت زبردست ہے، اچھا کم بیک کیا ہے اور ان شاء اللہ اس مومینٹم کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ خاص طور پر ناک آؤٹ مرحلے کے تناظر میں باقی تین میچزبہت اہم ہیں، ۔
حیدرآباد کنگزمین کو ایونٹ کے آغاز میں مشکلات کا سامنا رہا اور ٹیم درست کمبی نیشن بنانے میں ناکام رہی، تاہم 4 شکستوں کے بعد بہتر کارکردگی کے باعث اب ٹیم کی ٹاپ فور میں رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔
معاذ صداقت کا کہنا تھا کہ “شروع سے ہی ہمارا ہدف ٹاپ فور میں جگہ بنانا تھا۔ ابتدائی میچز میں ہم کمبی نیشن نہیں بنا سکے، لیکن ہمیں یقین تھا کہ ہم کم بیک کریں گے اور اب بھی ہمیں اپنی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔”
اپنی ذاتی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں، حالانکہ انہوں نے ایک میچ میں 60 سے زائد رنز اور دیگر دو میں 30 کے قریب اسکور کیا۔
انہوں نے کہا کہ “میں مطمئن نہیں ہوں، کیونکہ 60 رنز کو سنچری میں تبدیل ہونا چاہیے تھا اور 30 رنز بھی بڑی اننگز میں جانے چاہیے تھے۔ اب میں کوشش کروں گا کہ باقی میچز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کو فتوحات دلا سکوں۔”
معاذ صداقت نے اپنی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہوئے کراچی کی وکٹ کو بھی ایک اہم عنصر قرار دیا۔ ان کے مطابق یہاں بیٹنگ کرنا دیگر وینیوز کے مقابلے میں مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی وکٹ تھوڑی سست ہے، یہاں ہر گیند پر شاٹ نہیں کھیلا جا سکتا۔ آپ کو صبر سے کھیلنا ہوتا ہے، اسٹرائیک روٹیشن پر توجہ دینا ہوتی ہے اور درست گیندوں کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ لاہور جیسے میدانوں میں بال بیٹ پر بہتر آتا ہے، لیکن یہاں صورتحال مختلف ہے۔
نوجوان بیٹر نے ٹیم میں موجود بین الاقوامی کھلاڑیوں سے سیکھنے کے عمل کو بھی سراہا اور بتایا کہ چھوٹی چھوٹی تکنیکی تبدیلیاں ان کی بیٹنگ میں بہتری لا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “سینیئر اور غیر ملکی کھلاڑی ہمیں پریکٹس کے دوران بہت گائیڈ کرتے ہیں۔ حال ہی میں میکسویل نے مشورہ دیا کہ میرا باٹم ہینڈ تھوڑا سخت ہے، اسے ڈھیلا کرنے سے میری شاٹ میکنگ بہتر ہوئی۔ یہ چھوٹی باتیں بہت اہم ہوتی ہیں۔”
اپنے مستقبل کے حوالے سے معاذ صداقت نے کہا کہ ان کا ہدف پاکستان کی نمائندگی کرنا اور طویل عرصے تک قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “میری خواہش ہے کہ میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں، لمبے عرصے تک کھیلوں اور ٹیم کے لیے میچز جیتوں۔”



