ڈپٹی کمشنر تھرپارکرکی مون سون سے نمٹنے کیلئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی و چیئرمن ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مون سون کی بارشوں کے دوران اور اس کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات پیشگی مکمل کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے یہ ہدایات آج اپنے دفتر میں ممکنہ شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیئرمن ضلع کونسل تھرپارکر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی، تمام متعلقہ محکموں کے افسران، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران اور ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لیں تاکہ بارش کا پانی کسی بھی مقام پر جمع نہ ہونے پائے۔ انہوں نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسران کو ہدایت دی کہ بارشوں کے دوران ضلع کی تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ایمرجنسی نافذ کی جائے، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں اور جان بچانے والی ادویات کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام اسکولوں کی فہرست ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وہاں امدادی کیمپ قائم کیے جا سکیں۔
انہوں نے حیسکو حکام کو بھی ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور اگر کہیں بجلی کی تار یا کھمبا گر جائے تو اس کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران کو ہدایت دی کہ مویشیوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم شروع کی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمن ضلع کونسل تھرپارکر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے کہا کہ ممکنہ شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پہلے ہی کر لیے گئے ہیں، جبکہ ضلع کی تمام یونین کونسلوں کو بھی اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔



