6 ستمبر دفاعِ وطن کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش اور قابلِ فخر باب ہے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا درخشاں، ناقابلِ فراموش اور قابلِ فخر باب ہے، یہ غیر معمولی شجاعت اور بے مثال بہادری کا تاریخ ساز دن ہے۔

یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو دشمن کی بلااشتعال جارحیت اور عددی برتری کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ سلام ہے ان بہادر سپوتوں کو جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا ہے۔ مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ 6 ستمبر کا جذبہ اور ولولہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے شجاعت اور جرأت کی ایسی عظیم مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ شہداء اور غازیوں کے ورثے سے ملنے والی طاقت، جذبہ اور عزم ہی پاکستان کی اصل قوت ہے، جبکہ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پوری قوم اپنی بہادر پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر کرتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 6 ستمبر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ دفاعِ وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button