لاہور ایئرپورٹ پر نیا امیگریشن ایریا فعال، مسافروں کی پروسیسنگ میں بہتری متوقع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور امیگریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرکے نیا امیگریشن ایریا مکمل طور پر فعال کردیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایئرپورٹ مینیجر اور ڈپٹی ایئرپورٹ مینیجر کے ہمراہ نئے فعال کیے گئے امیگریشن ایریا کا افتتاح کیا۔ وزیر داخلہ نے انتظامات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور نئے ایریا کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

محسن نقوی نے مسافروں کی پروسیسنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور لاہور ایئرپورٹ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے امیگریشن ایریا میں انتظامات اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انتظامیہ کے مطابق نئے امیگریشن ایریا کے فعال ہونے سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی پروسیسنگ کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور امیگریشن کا عمل مزید منظم اور تیز بنایا جاسکے گا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئے امیگریشن کاؤنٹرز کا قیام بڑھتے ہوئے مسافر ٹریفک کے پیش نظر سفری سہولیات بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button