وزیر داخلہ محسن نقوی کا نومولود بچوں کی اموات پر اظہار افسوس

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پمز اسپتال میں انتہائی دلخراش اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت اور قوم کی تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور وہ جاں بحق بچوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود جاں بحق ہوئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد لگی۔
ذرائع کے مطابق آتشزدگی صبح تقریباً 7 بجے گائنی وارڈ کے ایم سی ایچ وارڈ کی تیسری منزل پر ہوئی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ جاں بحق بچوں کے اہل خانہ نے بھی اسپتال میں حفاظتی انتظامات اور مبینہ غفلت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔



