محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن کا عمل تیز کرنے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے طریقہ کار اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

محسن نقوی نے مسافروں سے بھی امیگریشن میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا۔ مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مسافروں کو امیگریشن کا عمل تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی اور تمام امیگریشن کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کردیئے۔

انہوں نے کہا کہ اضافی کاؤنٹرز کھلے رکھنے سے امیگریشن میں تاخیر کم ہوگی اور مسافروں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی۔

دورے کے دوران ایک مسافر کی جانب سے ایجنٹ کے رقم لینے کی شکایت پر محسن نقوی نے موقع پر ہی نوٹس لیا اور کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کرتے ہوئے ایجنٹ کی گرفتاری کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button