مٹھی:خصوصی بچوں کے مرکز کا ڈی ایچ او کا دورہ، ماہانہ طبی معائنے اور میڈیکل کیمپس کا اعلان

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلعی صحت افسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی اور ایڈیشنل ضلعی صحت افسر ڈاکٹر آکاش سارنگانی نے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبلیٹیشن سینٹر مٹھی کا دورہ کیا اور خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی صحت و بحالی کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بچوں کے ماہانہ طبی معائنے کیے جائیں گے، جبکہ مختلف معذوریوں کے علاج کے ماہر کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کے تعاون سے میڈیکل کیمپس بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مرکز کے لیے فرسٹ ایڈ کی ضروری ادویات فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ شیر محمد جونیجو اور فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر کرن کماری نے صحت کے افسران کو مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات، خدمات اور محکمہ امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز (DEPD) کے مختلف پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ صحت کے افسران نے مرکز میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

مزید خبریں

Back to top button