میرپورخاص،کمپیوٹرسمیت آئی ٹی سے متعقلہ اشیا بھی مہنگی ہوگئیں

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات جہاں دیگر اشیائے ضروریہ پر پڑ رہے ہیں وہیں کمپیوٹر اور آئی ٹی سے متعلقہ سامان کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث نہ صرف کاروباری افراد بلکہ عام صارفین بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ہارڈ ڈرائیو، ایس ایس ڈی، ریم اور یو ایس بی سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے مقامی کمپیوٹر ڈیلرز غلام حسین اور یاسر نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ہارڈ ڈرائیو، ایس ایس ڈی، ریم اور یو ایس بی سمیت تمام میموری آئٹمز کی قیمتیں دوگنا سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں ان کے مطابق 256 جی بی ایس ایس ڈی جو پہلے ساڑھے تین ہزار روپے میں دستیاب تھی اب اس کی قیمت بڑھ کر آٹھ ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 8 جی بی ڈی ڈی آر فور ریم کی قیمت بھی نو سے ساڑھے نو ہزار روپے تک ہو گئی ہے اسی طرح یو ایس بی ڈرائیوز کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے 32 جی بی یو ایس بی جو پہلے چار سے پانچ سو روپے میں ملتی تھی اب بارہ سے تیرہ سو روپے تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ 64 جی بی یو ایس بی کی قیمت دو ہزار روپے تک جا پہنچی ہے ہارڈ ڈسکس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے 160 جی بی ہارڈ ڈرائیو جو پہلے بارہ سے تیرہ سو روپے میں ملتی تھی اب دو ہزار سے زائد میں دستیاب ہے جبکہ 250 جی بی ہارڈ ڈرائیو کی قیمت پچیس سے چھبیس سو روپے تک پہنچ گئی ہے دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود ان کا منافع وہی ہے بلکہ کاروبار پہلے کے مقابلے میں کافی کم ہو گیا ہے مارکیٹ میں سخت مقابلے کے باعث اب انہیں معمولی منافع پر کام کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ ملکی حالات درآمدی مسائل اور سامان کی قلت کے باعث مارکیٹ میں اشیاء کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے بھی کاروباری لاگت میں اضافہ کر دیا ہے کمپیوٹر ڈیلرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے اور آئی ٹی مصنوعات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروبار کو سہارا مل سکے اور عام صارفین کے لیے بھی آسانی پیدا ہو سکے۔



