ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے، 26 جولائی کو خالد مقبول صدیقی کا فقیدالمثال استقبال ہوگا، میرپورخاص قیادت

میرپورخاص(شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کی قیادت نے کہا ہے کہ جماعت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو کارکنوں کے اتحاد اور تنظیمی قوت سے ناکام بنایا جائے گا، جبکہ 26 جولائی کو چیئرمین خالد مقبول صدیقی کا میرپورخاص میں فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔

میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس میں منعقدہ ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے نظریاتی کارکن متحد، منظم اور حالات سے پوری طرح باخبر ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ میرپورخاص کے کارکنان اور عوام نے ماضی میں بھی ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو مسترد کیا اور آئندہ بھی ہر منفی مہم اور سازش ناکامی سے دوچار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، کیونکہ حق پرستانہ جدوجہد میں شہداء کا خون شامل ہے، جسے ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں سیاسی اور نظریاتی جدوجہد جاری رہے گی، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان غریب اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے اور اسے ختم کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

انہوں نے تمام تر سازشوں اور منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سازشی عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

اجلاس میں مختلف یونین کمیٹیوں، شعبہ خواتین، ایلڈرز ونگ اور دیگر تنظیمی شعبوں کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button