میرپورخاص میں اخبار فروش مارکیٹ کی خستہ حالی کیخلاف احتجاج

میرپورخاص (رپورٹ شاھدمیمن) میرپورخاص میں ریلوے اسٹیشن کے قریب قائم اخبار فروش مارکیٹ کی خستہ حالی کے خلاف اخبار فروش یونین نے احتجاج کرتے ہوئے فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں امکانی مون سون بارشوں کے پیش نظر اخبار فروش یونین کے مرکزی صدر ایوب مہر کی قیادت میں اخبار فروشوں نے اخبار فروش مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں نے کہا کہ اخبار فروش مارکیٹ کی چھت طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث معمولی بارش میں بھی پانی ٹپکنے لگتا ہے اور اخبارات، رسائل اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو شدید بارشوں میں بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔

احتجاج کے دوران اخبار فروش رہنماؤں نے رکن سندھ اسمبلی ہری رام کشوری لال سے اپیل کی کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اخبار فروش مارکیٹ کی چھت کی مرمت کے احکامات جاری کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

احتجاج میں شریک اخبار فروشوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری عمل درآمد نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button