وزیراعظم شہباز شریف کی امیرِ قطر سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال اور خلیجی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ ختم کرکے قطر پہنچ گئے جہاں انہوں نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم اور امیر قطر کی ملاقات میں خطے کی صورتحال، خصوصاً خلیج میں کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم نے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان قطر اور دیگر ممالک پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
شہباز شریف اور قطری امیر نے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہبا زشریف نے امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پرزور دیا۔
شہباز شریف کا دورہ قطر:
اس س قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچنے پر وزیر مملکت خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطاء تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے سلامی بھی دی جب کہ وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ائیر پورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارےکو حفاظتی حصار میں لیا۔
قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے جہاز کو حفاظتی حصار میں ائیر پورٹ تک چھوڑا جب کہ وزیر اعظم نے قطری قیادت اور پائلٹس کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔



