عظمیٰ بخاری کی فضا علی کی وائرل ویڈیو پر تنقید، پیمرا کو نوٹس لینے کا مطالبہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اداکارہ فضا علی کی وائرل ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ کا ریٹنگ حاصل کرنے کا یہ پرانا شوق ہے۔
ایک انٹرویو میں میزبان نے عظمیٰ بخاری سے فضا علی کی وائرل ویڈیو پر سوال کیا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے، پیمرا کو تو دیکھنا چاہیے اور مجھے لگتا ہے پیمرا اسے دیکھے گا بھی، لیکن خود کی اخلاقیات کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اداکارہ کی 8 سے 10 سال کی بچی ہے، اسے خود اپنے پاس بٹھایا ہوا ہے اور کیمرے کے سامنے اس قسم کی حرکتیں کررہی ہیں، ذاتی زندگی بھی کسی چیز کا نام ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ٹھیک ہے آپ خوش ہیں اللہ آپ کو خوش رکھے، اچھی زندگی گزاریں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے، سرعام یہ سب کررہے ہیں اور پھر اسے ٹی وی پر نشر بھی کیا جارہا ہے، اسے روکا بھی جاسکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فضا بی بی کا ریٹنگ حاصل کرنے کیلئے ہر حد تک جانے کا ایک پرانا شوق ہے، وہ اپنا شوق پورا کررہی ہیں لیکن دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی۔
واضح رہے حال ہی میں فضا علی نے اپنے مارننگ شو میں شوہر اعجاز خان کو بطور مہمان بلایا تھا جہاں انہوں نے اپنی ملاقات اور محبت کی کہانی سنائی۔
پروگرام میں فضا علی کی بیٹی فرال بھی شریک تھیں جس نے والد سے لائیو شو میں والدہ کو گود میں اٹھانے کی فرمائش کی، اس کے بعد اعجاز خان نے فضا علی کو اپنے کندھے پر اٹھایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔



