’الفاظ واپس لیں اور معافی مانگیں‘، مہربانو قریشی کا شفیع جان کو دوٹوک پیغام

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مہربانو قریشی نے خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر کی جانے والی تنقید کی مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنے الفاظ واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مہربانو قریشی نے کہا کہ مریم نواز پر تنقید کے لیے بہت کچھ موجود ہے، تاہم ان کے خلاف غیر پارلیمانی اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنا غلط اور توہین آمیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون اور ساتھی پارٹی رکن کی حیثیت سے وہ شفیع جان پر زور دیتی ہیں کہ وہ اپنے بیان میں استعمال کیے گئے الفاظ واپس لیں اور اس پر معذرت کریں۔
مہربانو قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا، وہ متعلقہ ارکان کی تربیت اور رویوں کی عکاسی کرتا ہے، تاہم سیاسی اختلافات کے باوجود ہمیں اس سطح پر نہیں اترنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی مخالفین پر تنقید ضرور کی جاسکتی ہے، لیکن اختلافِ رائے کے اظہار میں شائستگی اور پارلیمانی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔



