شادی اورطلاق کی خود ذمہ دار ، کسی اور کوقصور وار نہیں ٹھہراتی، میراسیٹھی

لاہور (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ شادی اور طلاق دونوں ان کے ذاتی فیصلے تھے، وہ اپنی زندگی کے ان فیصلوں کا ذمہ دار کسی اور کو نہیں ٹھہراتیں۔

میرا سیٹھی نے حالیہ پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی طلاق، اس تجربے سے ملنے والے اسباق اور زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر گفتگو کی۔

میرا سیٹھی نے کہا کہ طلاق سے انہوں نے سب سے بڑا سبق یہ سیکھا کہ انسان کو ہمیشہ اپنی اندرونی کیفیت اور احساسات کو سمجھنا چاہیے، جبکہ کسی بھی شخص کے لیے اپنی اصل شخصیت تبدیل نہیں کرنی چاہیے، چاہے وہ شوہر ہو، دوست ہو یا کوئی اور رشتہ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ اکثر چاہتے ہیں کہ آپ خود کو ان کے مطابق بدل لیں، لیکن یہ درست رویہ نہیں۔ یہی دو اہم سبق ہیں جو انہوں نے اپنی زندگی کے تجربے سے سیکھے۔

میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے انہیں بہت کچھ سکھایا، انہیں مزید بالغ نظر بنایا اور زندگی کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اس موضوع پر بات کر سکتی ہیں کیونکہ طلاق کو کئی سال گزر چکے ہیں اور وہ اس مرحلے سے آگے بڑھ چکی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر خواتین کو طلاق یا خلع کے بعد تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جہاں یہ کہا جاتا ہے کہ خاتون ایڈجسٹ نہیں کر سکی، تاہم ان کے معاملے میں شادی کا فیصلہ مکمل طور پر ذاتی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان پر شادی کے لیے کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا اور انہوں نے نسبتاً بڑی عمر میں اپنی مرضی سے شادی کی، جو محبت اور نظریات کی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ تھا۔

میرا سیٹھی نے کہا کہ وہ اپنے فیصلے کی ذمہ داری خود قبول کرتی ہیں اور اس کے لیے کسی دوسرے شخص کو قصوروار نہیں ٹھہراتیں۔

مزید خبریں

Back to top button