نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیسز، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان، اسد عمر، فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 6 اکتوبر تک توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے دو ججز نے 9 مئی کے مختلف جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت اسد عمر، فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت پہنچیں۔
عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے مقدمات کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے سمیت 9 مئی کے دوران پیش آنے والے دیگر واقعات سے متعلق مقدمات درج ہیں۔



