گاؤں گومدو کولہی کے مکینوں کا گاؤں خالی کرانے کی دھمکیوں کیخلاف احتجاج

ماتلی(رپورٹ ایم آر گدی/جانوڈاٹ پی کے)میونسپل حدود کے دیہہ کاٹھوڑ میں واقع گاؤں گومدو کولہی کے مکینوں نے مبینہ طور پر بااثر افراد کی جانب سے گاؤں خالی کرانے کی دھمکیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علامتی دھرنا دیا۔ احتجاج کی قیادت رامچند کولہی، مولچند کولہی اور ڈیوجی کولہی نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا گاؤں گزشتہ سات دہادئیوں سے اسی مقام پر آباد ہے، تاہم اب ایک بااثر شخص سرکاری زمین پر قائم اس گاؤں کو ختم کرا کے رہائشی اسکیم بنانے اور پلاٹ فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ شخص پہلے بھی قریبی گاؤں حاجی ملوک سہتو کے اسکول کو بند کرا چکا ہے جس سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی، اور اب گاؤں کے مکینوں کو بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مظاہرین کے مطابق گزشتہ رات ایک کارندے نے آ کر کھلے عام گاؤں خالی کرنے کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے کمشنر حیدرآباد، ڈی آئی جی حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر بدین، ایس پی بدین، اسسٹنٹ کمشنر ماتلی، ڈی ایس پی ماتلی اور ایس ایچ او سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔



