مدرسہ بیت الاسلام ماتلی میں نو مسلم افراد کے 42 یونٹس کی تربیتی نشست

ماتلی(رپورٹ:ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے)مدرسہ بیت الاسلام ماتلی میں نو مسلم افراد کے 42 یونٹس کی تربیتی نشست منعقد ہوئی جس میں جامعۃ الرشید کراچی سے آئے ہوئے معروف عالمِ دین مولانا مفتی احمد افنان، جامعۃ دارلعلوم الحسنہ شہدادپور کے منتظمِ اعلیٰ قاری عبدالرشید، مولانا مفتی سلیم احمد، قاری عبدالمجید کمبوہ، قاری محمد یونس کمبوہ،حاجی عبد الرشید عرف لالا بھائی کمبوہ اور مقامی علماء کرام و سماجی شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر ایک طالب علم نے حفظِ قرآن کا آخری سبق مکمل کر کے اپنی تکمیلِ حفظ کی سعادت حاصل کی جس پر شرکاء نے خوشی کا اظہار کیا اور طالب علم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نو مسلم افراد کی دینی تعلیم، تربیت اور اصلاحِ معاشرہ ایک عظیم دینی ذمہ داری ہے اور مدرسہ بیت الاسلام ماتلی اس حوالے سے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے جہاں نو مسلم افراد کو چار ماہ تک مکمل رہائشی سہولیات کے ساتھ رکھا جاتا ہے اور ان کی تمام ضروریاتِ زندگی کا خیال رکھتے ہوئے انہیں علیحدہ رہائشی انتظام بھی فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کر سکیں، اس دوران انہیں اسلامی عقائد، عبادات، اخلاقیات، طہارت، نماز اور روزمرہ شرعی مسائل کی عملی تربیت دی جاتی ہے جبکہ ان کے رہائش، خوراک اور دیگر تمام اخراجات ادارہ برداشت کرتا ہے اور تربیت مکمل ہونے کے بعد انہیں دینی شعور اور عملی رہنمائی کے ساتھ ان کے معاشروں میں واپس بھیجا جاتا ہے تاکہ وہ ایک باکردار اور باعمل مسلمان کی حیثیت سے زندگی گزار سکیں اور اسلام کی صحیح تعلیمات کو آگے پہنچا سکیں، مقررین کے مطابق 2009ء سے جاری اس دینی سلسلے کے دوران گزشتہ 17 برسوں میں 794 خاندانوں کو دائرہ اسلام میں داخل کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 8 ہزار 660 نو مسلم افراد کو اسلامی تعلیمات اور شرعی رہنمائی فراہم کی جا چکی ہے جو آج مختلف علاقوں میں باوقار اور اصلاح یافتہ اسلامی زندگی گزار رہے ہیں، مقررین نے اس مشن میں مخیر حضرات کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کے تعاون سے یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے، آخر میں نو مسلم افراد، طلبہ اور امت مسلمہ کی فلاح و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button