امریکا مفاہمت اختیار کرے، معاہدے کیلئے موجودہ صورتحال بہترین ہے، ایرانی صدر

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری نے امریکا کو ایران کے ساتھ مفاہمت اختیار کرنے پر مجبور کیا، معاہدے تک پہنچنے کے لیے موجودہ صورتحال بہترین وقت ہے۔
تہران میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا کے لیے ضروری تھا کہ وہ ایران اور عمان کی جانب سے تیار کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کرے، تاہم امریکا نے ایسا نہیں کیا، جس پر ایران کو ردعمل دینا پڑا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں عموماً ایک ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے جو معاہدے کی خلاف ورزیوں سے نمٹ سکے، ایران وقار اور فخر کے ساتھ اس راستے پر آگے بڑھے گا۔
انہوں نے امریکا کو "مجرم اور استعماری حکومت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سے متعلق ایران کا رویہ تبدیل نہیں ہوا۔ امریکا اور اسرائیل جانتے ہیں کہ صرف جنگ کے ذریعے ایرانیوں کو حکم ماننے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ مخالفین اپنے مقاصد کے حصول کے لیے داخلی تقسیم، نااتفاقی اور تنازعات کو بطور حربہ استعمال کرسکتے ہیں۔ قومی اتحاد اور مزاحمت ہی ایران کی سکیورٹی اور دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔
ایرانی صدر نے عوام پر زور دیا کہ وہ استقامت اور مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔



