پاکستان سے اظہارِ تشکر، ایرانی صدر کل ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ذرائع کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان کل بروز منگل ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور اہم سفارتی مصروفیات میں شرکت کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی صدر صبح پاکستان پہنچیں گے اور مختلف سرکاری مصروفیات مکمل کرنے کے بعد شام کو واپس ایران روانہ ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ حالیہ ایران-امریکا کشیدگی اور سفارتی رابطوں کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران، امریکا کے ساتھ حالیہ سفارتی عمل اور علاقائی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور اسی تناظر میں ایرانی صدر پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ پاکستانی اور ایرانی حکام کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور مشترکہ بیانات کا بھی امکان ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔



