ایران کا اہم اشارہ، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت آسان بنانے پر آمادگی ظاہر

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو سہل بنانے کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے بین الاقوامی تجارت اور جہاز رانی کے حوالے سے مثبت اشارہ دیا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور جاپان کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں علاقائی صورتحال، سمندری تجارت اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران جاپانی وزیراعظم نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کی اہمیت اجاگر کی۔
اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ بنیادی مسئلہ ان پابندیوں اور رکاوٹوں سے پیدا ہوا ہے جو امریکا نے ایرانی جہاز رانی اور تجارتی سرگرمیوں پر عائد کر رکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مشکلات کے باوجود ایران بین الاقوامی بحری نقل و حمل میں سہولت پیدا کرنے کے لیے اقدامات پر غور کر رہا ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ تہران کوشش کرے گا کہ جاپانی جہازوں سمیت تجارتی بحری سرگرمیوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا کی جائے، تاکہ خطے میں معاشی اور تجارتی روابط متاثر نہ ہوں۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، اور ایران کی جانب سے بحری آمدورفت میں سہولت کی یقین دہانی عالمی منڈیوں کے لیے مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔



