وہاڑی ملتان روڈ گیم چینجر منصوبہ ہے، عوام کا حق تھا جسے پورا کیا، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں محمد یوسف کسیلہ، ملک نوشیر انجم لنگڑیال، میاں محمد ثاقب خورشید اور محمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے۔
ارکان اسمبلی نے 5 دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی ملتان روڈ کو دورویہ ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور منصوبے کو علاقے کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ کو ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیر پر عوام کے مثبت ردعمل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ علاقے کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ارکان اسمبلی نے وہاڑی میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی کے مطابق وہاڑی سے بورے والا اور ٹبہ سلطان پور کے درمیان الیکٹروبس سروس عوام کے لیے بہترین سفری سہولت ہے، جبکہ طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت بھی ایک اہم اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل بورے والا، میلسی اور وہاڑی میں تقریباً 21 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔ وہاڑی ریل بازار کی بیوٹیفکیشن سے شہر کا شہری منظرنامہ بھی تبدیل ہوا ہے، جبکہ دو رویہ ملتان وہاڑی روڈ سے روزانہ چار اضلاع کے لاکھوں مسافر مستفید ہورہے ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کا جذبہ انہیں اپنے قائد محمد نواز شریف سے ورثے میں ملا ہے۔ وہاڑی ملتان روڈ کی فوری تعمیر علاقے کے عوام کا حق تھا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ حق ادا کرنے کی توفیق دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پہلی مرتبہ پورے صوبے میں یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے مون سون کے دوران نکاسی آب کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی ڈرینج اسکیموں کی وجہ سے اب بارشوں کے بعد دنوں، ہفتوں اور مہینوں کھڑا رہنے والا پانی گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ کسان کارڈ سے جنوبی پنجاب کے کاشتکار جبکہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام سے طلبہ مستفید ہورہے ہیں۔



