امریکا اپنی طاقت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال کرے گا، ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، مارکو روبیو

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا آج بھی دنیا کی واحد سپر پاور ہے اور اس طاقت کا استعمال امریکی عوام کے تحفظ اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکی خارجہ پالیسی کا مرکز قومی مفادات ہیں اور واشنگٹن اپنے اسٹریٹجک اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھولنے سے انکار کے بعد ناکہ بندی کی گئی، جس کے باعث تہران کو لاکھوں ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ آبنائے ہرمز سے صرف ایرانی جہازوں کو گزرنے کی اجازت ہو، امید ہے کہ اہم بحری گزرگاہ جلد دوبارہ کھول دی جائے گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ امریکا ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ "ایپک فیوری” آپریشن کے دوران امریکا نے اپنے تمام فوجی اور تزویراتی اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔

مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے خلاف حالیہ کارروائی میں مقررہ فوجی اہداف مکمل طور پر حاصل کیے گئے، جبکہ مستقبل کے ممکنہ مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام کے ایسے پہلو بھی زیر بحث آ سکتے ہیں جن پر تہران ماضی میں بات کرنے سے بھی گریز کرتا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button