یومِ دفاع پر آئی ایس پی آر کا نیا قومی نغمہ جاری

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر آئی ایس پی آر نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ولولہ انگیز قومی نغمہ ’’منزل پاکستان‘‘ جاری کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نغمہ قوم کے فولادی عزم، ثابت قدمی اور قومی حوصلے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، جبکہ ترانے میں وطن کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے جاری نغمے میں مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتے کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’’منزل پاکستان‘‘ ہر شہری کو اپنے عہد پر ڈٹ جانے اور وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کو اپنا اولین و حتمی نصب العین بنانے کا پیغام دیتا ہے۔
نغمہ مادرِ وطن سے بے لوث محبت، جانثاری، ایثار اور وفاداری کے جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے قوم کو پاکستان کی ترقی اور مضبوطی کیلئے متحد رہنے کا پیغام دیتا ہے۔



