مناواں سے 26 سالہ نوجوان کے اغوا برائے تاوان کا ڈراپ سین، خود ہی اغوا کا ڈرامہ رچانے کا انکشاف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مناواں کے علاقے سے 26 سالہ نوجوان کے مبینہ اغوا برائے تاوان کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے نوجوان کو فیصل آباد سے بازیاب کرکے اس کے مبینہ ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
ایس پی کینٹ راحیلہ اقبال کے مطابق تیمور اسلم نے 15 لاکھ روپے حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا۔ نوجوان نے ہاتھ پاؤں بندھی تصاویر اہلخانہ کو بھیج کر تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا۔
ڈی ایس پی وجیہہ الحسن کے مطابق پولیس نے خودساختہ مغوی کو فیصل آباد سے بازیاب کرلیا، جبکہ نوجوان سمیت دیگر مبینہ ساتھیوں کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تیمور اسلم کے مبینہ اغوا کا مقدمہ اس کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مبینہ مغوی نے اہلخانہ کو ہاتھ پاؤں بندھی تصاویر بھیجنے کے علاوہ انہیں پولیس کو اطلاع دینے سے بھی منع کیا تھا تاکہ وہ 15 لاکھ روپے حاصل کرسکے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر مناواں پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ بعدازاں مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔
پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مغوی کی موجودگی کا سراغ لگایا اور اسے فیصل آباد سے بازیاب کرلیا۔
ڈی ایس پی باغبانپورہ کے مطابق واقعے میں ملوث نوجوان اور اس کے دیگر مبینہ ساتھیوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے، جبکہ معاملے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔



