مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں حوثیوں کا ڈرون داخل ہونے سے پہلے تباہ

جدہ(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) سعودی فوجی اتحاد کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔
عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ دشمن ڈرون کو مکہ مکرمہ کے جنوب میں فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حوثی ملیشیا دنیا بھر سے مقدس شہر آنے والے لاکھوں مسلمان زائرین میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ مقدس مقامات کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور اتحادی افواج کی مشترکہ کمان حوثی ملیشیا کے خلاف ضروری اقدامات کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔
سعودی عسکری اتحاد کے مطابق اس سے قبل 27 جولائی 2017 کو بھی بیلسٹک میزائل کے ذریعے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔



