لیسکو میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کا بحران شدت اختیار کر گیا، طویل لوڈشیڈنگ کا خدشہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کو ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی شدید قلت اور خراب ہونے کی بڑھتی ہوئی شرح کا سامنا ہے، جس کے باعث بجلی کی ترسیلی نظام پر دباؤ میں اضافہ اور مختلف علاقوں میں طویل بجلی بندش کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خصوصاً 200 کے وی اے صلاحیت کے ٹرانسفارمرز کی کمی سنگین صورت اختیار کر چکی ہے، جبکہ جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی شرح بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بنتی جا رہی ہے، جس سے صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ٹرانسفارمرز کے خراب ہونے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مراسلے میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے لوڈ کو متوازن (لوڈ بیلنسنگ) کیا جائے تاکہ نظام پر اضافی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
لیسکو نے یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ ضرورت کے مطابق ٹرالی ٹرانسفارمرز کو فوری طور پر آپریشنل کیا جائے، تاکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو ممکنہ حد تک برقرار رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اگر ٹرانسفارمرز کی قلت اور تکنیکی خرابیوں پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں بجلی کی بندش، فالٹس اور دیگر تکنیکی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔



