محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

تہران (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، پاک ایران تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی دباؤ کے باعث مسلم ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان اپنی علاقائی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی ضروریات کا ایک حصہ پورا کرسکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے تجارت، معیشت، سیاست، ثقافت اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
قبل ازیں محسن نقوی نے ایرانی وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
سکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا حالیہ دورہ انتہائی مفید رہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی تعاون کو مختلف شعبوں میں وسعت دی جائے گی۔



