پاکستان کو قطر سے اکتوبر کا دوسرا ایل این جی کارگو موصول

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کو قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا اکتوبر کے لیے دوسرا کارگو موصول ہو گیا، جس کے بعد کارگو سے گیس کی فراہمی ملکی نظام میں شروع کر دی گئی ہے۔
وزارتِ توانائی کے ذرائع کے مطابق اکتوبر کے دوران اب تک قطر سے ایل این جی کے دو کارگوز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ حکام کی کوشش ہے کہ مہنگے داموں اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی خریدنے سے گریز کیا جائے تاکہ گیس کی درآمدی لاگت کو کم رکھا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت موصول ہونے والے ایل این جی کارگوز کی قیمت اسپاٹ مارکیٹ کے مقابلے میں تقریباً نصف ہے۔
وزارتِ توانائی کے ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت قطر سے حاصل ہونے والی گیس کی قیمت 14 سے 15 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) ہے، جبکہ اسپاٹ مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمت 30 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی توجہ معاہدے کے تحت ایل این جی کی فراہمی برقرار رکھنے اور مہنگی اسپاٹ خریداری سے بچنے پر مرکوز ہے، تاکہ ملک کی گیس کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ درآمدی اخراجات کو بھی قابو میں رکھا جا سکے۔



